لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے سینئر رہنما ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ صوبے میں انتخابات کے لیے ہم سو فیصد تیار ہیں۔
مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا حامی ہوں، اگر ملک میں استحکام لانا ہے تو پھر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کرنا ہو گا، معیشت، سیاست، عدالت کے لیے ایک گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات چل رہے ہیں، نگران حکومت تو مالیاتی امور پر فیصلے نہیں کر سکتی، گزشتہ 8 ماہ میں وفاقی حکومت مشکل فیصلے کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو صوبوں میں انتخابات کرانا ان کا حق ہے، جب ایک اسمبلی تحلیل ہو جائے تو مقررہ وقت میں انتخاب ہوں گے، ایک صوبے میں انتخاب کے ذریعے حکومت آئے گی تو جب جنرل انتخابات ہوں گے تو ایک جماعت کی حکومت پہلے ہی موجود ہو گی، نگران حکومت کے تصور کو کیسے ختم کر سکتے ہیں۔