لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ کا رابطہ، رانا ثناء اللہ نے پارٹی قائد کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے معاملے پر دستیاب آئینی و قانونی آپشنز پر بریفنگ دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے رانا ثناء اللہ کو پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کا امکان ہے، تحریک عدم اعتماد پر آج ہی اراکین کے دستخط کروا لئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پرویز الٰہی کی کامیابی پر نواز شریف اور مریم نواز پارٹی کی صوبائی قیادت پر برہم
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد مکمل کر کے نواز شریف کو رپورٹ پیش کی جائے گی، قائد ن لیگ نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی اجازت ملتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی جائے گی۔
پارٹی قائد کی جانب سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بھی مزید مشاورت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔