لاہور : ( دنیا نیوز ) سینئر وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) میں شامل 13 پارٹیاں عمران خان کے یارکر نے ملیا میٹ کر دی ہیں، یہ ساری جماعتیں کہتی ہیں عمران خان اور پی ٹی آئی پر ریڈ سرکل لگا دیا ہے ، اب ان پر ریڈ سرکل لگ گیا ہے۔
میاں اسلم اقبال نے پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ کو اعتماد کے ووٹ میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین دن سے سپیکر گیلری میں رانا ثناء اللہ بیٹھتا رہا، یہ وہی شخص ہے جس نے 17 جون 2014 کو ماڈل ٹاؤن کا واقع کرایا تھا، جس میں حاملہ عورتوں کے منہ کے اوپر گولیاں چلوائیں، نوجوانوں کو قتل کرا کے لاہور کے چہرے پر بد نما داغ ساری عمر کے لیے لگوا دیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ رانا ثناء اللہ بے شرمی سے اپنی حکومت کا دفاع کرتے رہے، انہوں نے جو ظلم کیا اور جھوٹ بولا اس کی انکوائری بھی مکمل نہیں ہونے دی، یہ چاہتے تھے کہ صوبے کی اسمبلی نہ چلے یہاں گورنر راج ہو، کیوں کہ یہ فتنہ ہیں ان کے لیڈر فتنہ ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ کرتے ہیں یہاں کا پیسہ باہر لے کر جاتے ہیں ، اس ملک کے اوپر مافیا مسلط ہے جو نظریہ پاکستان کے خلاف چلتا ہے ، انہوں نے میرے پاکستان کا امیج خراب کیا ہے ، اسی شخص نے 25 مئی کو نہتی عورتوں عام لوگوں پر تشدد کرایا، یہ اس کا ذہن ہے کیوں کہ یہ کریمنل لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت بدل گیا ہے اسی اور نوے کی دہائی نہیں ہیں، آج اس شخص کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ، انہوں نے ملک کی سیاست کو گندہ کیا ہے ، انہوں نے میری نسلوں کو خراب کیا ہے اس ایوان میں عوام کے نمائندے بیٹھتے ہیں ، یہ ووٹ کو عزت نہیں دیتے یہ پیسے کو عزت دیتے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے پانچ سو با اثر افراد میں میرے لیڈر کا دسواں نمبر آتا ہے جبکہ کرپشن میں ان کے باؤ جی کا پہلا نمبر آتا ہے جو جھوٹ بول کر گیا واپس نہیں آیا۔