سندھ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم

Published On 14 January,2023 11:45 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسر ا مرحلہ کل ہو گا جس کیلئے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں 3 روز کے لئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سے سینئر افسران انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ سیکرٹری اور سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کراچی میں انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔

ترجمان کے مطابق مرکزی کنٹرول روم کیلئے کام کا آغاز آج سے شروع ہو گیا ہے، انتخابات کے نتائج آنے تک بلا تعطل کام جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے، الیکشن عملےکو ڈپٹی کمشنر آفس غربی سائٹ سے سامان فراہم کیا جائے گا۔

خاتون پاکستان کالج اور وفاقی اردو یونیورسٹی میں ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں اور الیکشن کا سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔
 

Advertisement