ماحول سازگار نہیں، فوج تعینات یا بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں، آئی جی سندھ

Published On 13 January,2023 11:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے کراچی میں ماحول سازگار نہیں، سیاسی ماحول میں کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر صرف پولیس حالات کو کنٹرول نہیں کر سکتی، فوج تعینات یا بلدیاتی انتخابات کچھ عرصہ کیلئے ملتوی کیے جائیں۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلہ میں کراچی میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے سیاسی ماحول میں کشیدگی کے باعث سکیورٹی صورتحال ناسازگار ہے، پولیس کے ساتھ سٹیک ڈپلومیٹ کے طور پر فوج تعینات کی جائے یا الیکشن کچھ عرصے کے لیے ملتوی کیے جائیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی الیکشن کمیشن کو اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ 2 دفعہ پہلے بھی مختلف وجوہات کی بنیاد پر الیکشن ملتوی ہو چکے ہیں، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہم اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں، میں آپ کے خدشات رپورٹ کی صورت میں کمیشن کو بھجوا دوں گا۔
 

Advertisement