بلدیاتی انتخابات کے معاملہ پر ناراض ایم کیو ایم کا وفاقی حکومت سے علیحدگی کا امکان

Published On 13 January,2023 09:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر اقتدار کا سیاسی درجہ حرارت مزید گرم ہو گیا، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر ناراض جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان ) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزراء سے استعفی لے لیے۔

ایم کیو ایم کی سینئر قیادت کا اجلاس بہادر آباد میں ہوا جس میں رابطہ کمیٹی کے بیشتر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات اور مطالبات کے معاملے پر مشاورت کی گئی ۔

علاوہ ازیں خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات بھی کی، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سے بات ہوئی ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ معاملات حل کر لیں گے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ امید ہے سندھ حکومت آج معاملے کے حل کیلئے کوئی فیصلہ کر لے گی، آج رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی الیکشن میں حلقہ بندیوں بارے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے مطالبہ مسترد ہونے کے بعد ایم کیو ایم قیادت کی جانب سے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Advertisement