لاہور : ( دنیا نیوز ) جنرل ہیڈ کوارٹر آرمی ( جی ایچ کیو ) نے کراچی ، حیدر آباد اور ٹھٹھہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران تمام پولنگ سٹیشنز کے باہرفوج اوررینجرزکی اسٹیٹک تعیناتی سے معذرت کر لی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمرحمید کو وزارت داخلہ کا خط موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ فوج اور رینجرز کی تعیناتی کامعاملہ جی ایچ کیو کےساتھ اٹھایا ہے جس پر جی ایچ کیو نے کہا ہے اتنی بڑی تعداد میں اسٹیٹک تعیناتی ممکن نہیں، پہلے درجے پر اسٹیٹک تعیناتی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزارت داخلہ نے لکھا کہ جی ایچ کیو پہلے ہی آگاہ کر چکا ہے اتنے زیادہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر اسٹیٹک تعیناتی ممکن نہیں، انتخابی عملے اور مواد کو سیکیورٹی کور دینا ممکن نہیں، الیکشن کمیشن 500 حساس پولنگ اسٹیشنزکی نشاندہی کرے، 500حساس پولنگ اسٹیشن کے باہر رینجرز کی اسٹیٹک تعیناتی ہوسکتی ہے۔