الیکشن روکنے کی کوشش کی تو بھرپور ردعمل دیں گے، نعیم الرحمان

Published On 13 January,2023 11:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کراچی کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اگر الیکشن کو روکنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور ردعمل دیں گے۔

رہنما جماعت اسلامی نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے ساتھ مسلسل زیادتی ہو رہی ہے، 4 دفعہ بلدیاتی الیکشن کو ملتوی کیا گیا، ایم کیوایم کی فرمائش ہے کہ بلدیاتی الیکشن نہیں ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم دونوں جماعتیں الیکشن سے بھاگ رہی ہیں، 3 مرتبہ ہائی کورٹ نے ان کی پٹیشن کو مسترد کیا، ان کو کراچی کے عوام سے کیا خوف ہے جو الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو ابہام میں رکھنا ان کی پالیسی ہے، ہم ہرسازش کا مقابلہ کر رہے ہیں، رات کے اندھیرے میں انہوں نے شب خون مارا تو ہم احتجاج کے لئے نکلے، ہم کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردی ہوگی، یہ الیکشن کراچی کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اگرانہوں نے الیکشن کو روکنے کی کوشش کی تو بھرپور ردعمل دیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عدالت اورسڑکوں پر بھی جنگ لڑیں گے، جب ادارے کہتے ہیں کہ غیرسیاسی ہیں تو اداروں کوغیرسیاسی رہنا چاہیے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے اداروں پر کوئی حرف آئے۔

Advertisement