جماعت اسلامی کا الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج ملتوی کرنے کا اعلان

Published On 13 January,2023 02:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد آج الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر دھرنا اور احتجاج کا فیصلہ ملتوی کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی سمیت دیگر سندھ کے شہروں میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کے دوٹوک اعلان کے بعد جماعت اسلامی کی جانب سے آج ہونے والا احتجاج اور دھرنا ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت کی درخواست مسترد، بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہی ہونگے: الیکشن کمیشن

میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کر رہا ہے، انتخابات ملتوی کرانے کی بات کرنے والے عوامی رائے سے ڈرتے ہیں، انہیں معلوم ہے کہ یہ عوام کے پاس جائیں گے تو انہیں کچھ نہیں ملے گا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں، کراچی کے عوام کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں، لوگوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا، آپ کا کوئی منجن نہیں بکے گا، یہ سب اپنے لئے اکٹھے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت کا کراچی، دادو اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان

 قبل ازیں سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد جماعت اسلامی کراچی نے آج دوپہر الیکشن کمیشن سندھ دفتر کے باہر دھرنے کا اعلان کیا تھا۔

Advertisement