کراچی: (دنیا نیوز)سندھ حکومت نے کراچی، حیدر آباد، دادو میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا اور نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا ہے۔
کراچی میں حکومتِ سندھ کے اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کسی کے احتجاج اور دھمکی پر نہیں کیا گیا تاہم ایم کیو ایم کو حلقہ بندیوں پر تحفظات تھے، فیصلہ سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے کراچی سمیت حیدرآباد ،دادو بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے جبکہ سندھ کے باقی اضلاع میں بلدیاتی الیکشن معمول کے مطابق ہوں گے، الیکشن کمیشن کو آئین کی شق 10 کے تحت خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو جو تحفظات ہیں انہیں حکومتی سطح پر حل کریں گے کیونکہ وہ ہماری اتحادی جماعت بھی ہے تاہم انہوں نے صوبہ سندھ میں سکیورٹی خدشات کا ذکر بھی کیا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حیدر آباد کے ایک ضلع میں بھی بلدیاتی الیکشن ابھی نہیں ہوں گے، کراچی ڈویژن، حیدر آباد کے ایک ضلع کی حلقہ بندیوں کو واپس لے لیا ہے، آج صبح گیارہ بجے سندھ کابینہ کا اجلاس دوبارہ ہوگا۔
کراچی اور حیدر آباد میں 4 بار بلدیاتی الیکشن ملتوی
واضح رہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن 4 بار ملتوی کئے گئے، پہلی بار 24 جولائی 2022 کو بارش کی وجہ سے الیکشن نہیں ہو سکے، دوسری مرتبہ 28 اگست کو سیلابی صورتحال کی وجہ سے الیکشن التواء کا شکار ہوئے۔
تیسری بار 23 اکتوبر کو صوبائی انتظامیہ کی طرف سے نفری نہ ہونے کے خط کی وجہ سے ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا جبکہ چوتھی مرتبہ 12 جنوری کو حلقہ بندیوں کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا گیا۔