کراچی : (دنیا نیوز ) سندھ کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے سات، حیدرآباد کے 6 اور ٹھٹہ کے تین اضلاع میں پولنگ 15 جنوری کو ہورہی ہے ۔
حیدرآباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر جس کو انتظامی لحاظ سے چھ اضلاع ، ضلع حیدرآباد، ضلع دادو، ضلع جامشورو ، ضلع مٹیاری، ضلع ٹنڈوالٰہیاراور ضلع ٹنڈو محمد خان میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حیدر آباد، مٹیاری، جامشورو، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان اور دادو میں یونین کمیٹیوں کے چئیرمین ، وائس چیئرمین ، جنرل ممبرز کی 6774 نشستوں پر انتخاب ہونگے جبکہ 11ہزار 226 امیدوار انتخابی میدان میں اتریں گے ۔
حیدرآباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریبا ساڑھے 34 لاکھ ہے ، بلدیاتی انتخابات کیلئے 128 چیئرمین ، وائس چیئرمین، 491 جنرل ممبرز اور وارڈز، جبکہ 160 یونین کونسلز کی نشستوں پرمجموعی طور پر 2ہزار 551 امیدوارمیدان میں اتریں گے ۔
حیدرآباد میں پی پی پی ، ایم کیوایم پاکستان، پی ٹی آئی و دیگرجماعتوں کے امیدوار حصہ لے رہے ہیں تاہم چیئرمین ، وائس چیئرمین کی 26 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی بلامقابلہ جیت چکی ہے جبکہ اسے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کے انتخاب میں سادہ اکثریت کے ساتھ مزید 55 نشستیں درکار ہیں ۔
حیدرآباد میں اگرچہ ایم کیوایم پاکستان دوسری بڑی سیاسی جماعت ہےلیکن جیت کیلئے 81 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ہوگی ۔
حیدرآباد کے دوسرے ضلع مٹیاری میں کُل تین لاکھ 68 ہزار ووٹرز انتخابی عمل میں حصہ لیں گے جبکہ جامشورو کی تین میونسپل کمیٹیوں ، 30 یونین کونسلز اور 5 ٹاؤن کمیٹیوں میں انتخابات ہورہے ہیں ۔
جامشورو میں 5 لاکھ پانچ ہزار ووٹرز، ٹنڈو الہیار میں تین لاکھ 85 ہزار، دو لاکھ 81 ہزار ٹنڈومحمد خان اور دادو میں 9لاکھ 12ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔
حیدرآباد ڈویژن کے6 اضلاع میں ووٹنگ کیلئے 2674 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 1895 حساس اور 779 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں ۔
15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کیلئے 28ہزار 562 افسران ڈیوٹی سرانجام دینگے جبکہ تمام پولنگ سٹیشنز پر سیکیورٹی انتظامات کیلئے پولیس کے 25ہزار جوان تعینات ہونگے ۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ روز کراچی، حیدر آباد اور دادومیں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی واپس لیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے ۔