سندھ بلدیاتی الیکشن میں چھوٹا سا واقعہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے: رانا ثناء

Published On 14 January,2023 11:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سندھ بلدیاتی الیکشن میں چھوٹا سا واقعہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے 15 جنوری کو انعقاد پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے، دو سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروانے کے حق میں تو دو اس کی مخالف ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر تصادم کا خدشہ ہے، بعض شرپسند عناصر صورت حال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تصادم اور امن و امان کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کوئی ایک چھوٹا سا واقعہ کراچی اور حیدر آباد میں کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے، سیاسی جماعتوں اور الیکشن سے متعلقہ دیگر فریقین کو معاملہ فہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کی فضاء کو ڈی فیوز کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ حالات کی سنگینی کا نوٹس لیں، آئین اور قانون کی روشنی میں مناسب حل نکالا جائے۔
 

Advertisement