الیکشن کمیشن نے کراچی میں نتائج کی تاخیر پر دھاندلی کے الزامات مسترد کر دیئے

Published On 16 January,2023 01:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن سندھ نے کراچی میں نتائج کی تاخیر پر دھاندلی کے الزامات مسترد کر دیئے۔

میڈیا سے گفتگو میں الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ آج شام تک کراچی کی تمام یوسیز کے نتائج مکمل ہو جائیں گے،الیکشن میں بہت سارے مسائل اور چیلنجز بھی ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن نے اپنی ذمے داری احسن طریقے سے نبھائی، پولنگ کا وقت 5 بجے تک تھا، کئی پولنگ سٹیشنز پرشام 6 بجےتک پولنگ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ الگ الگ کیٹیگری کے فارمز 11 اور 12 بنائے گئے، مختلف اوقات میں گنتی شروع ہوئی، الیکشن کمیشن پاکستان نے مانیٹرنگ کا سخت طریقہ کار رکھا ہوا ہے، سیکرٹری الیکشن اور سپیشل سیکرٹری بھی کراچی میں موجود تھے۔

اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ایک جیسا رویہ ہے، جو رزلٹ ملے گا وہ صاف اور شفاف ہوگا، کسی بھی افسر نے اس پراسس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جس افسر نے کوتاہی کی اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
 

Advertisement