تمام پولنگ سٹیشنز سے نتائج آر اوز کے دفتر پہنچ رہے ہیں: سندھ الیکشن کمیشن

Published On 16 January,2023 03:59 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے کہا ہے کہ تمام پولنگ سٹیشنز سے نتائج آر اوز کے دفتر پہنچ رہے ہیں۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر کے حوالے سے ایک بیان میں صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ ایک گھبیر پراسس ہوتا ہے، ایک یوسی کا رزلٹ بنانے میں وقت لگتا ہے۔

اعجاز چوہان نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز سے نتاِج آر اوز کے دفتر پہنچ رہے ہیں، ہر یوسی کے چار وارڈز ہیں اور اوسط بیس پولنگ اسٹینشز ہیں، ہر آر او کے پاس تقریبا پانچ یوسیز ہیں اس لیئے وقت لگ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمپیوٹرایکسل پر رزلٹ بن رہا ہے ان انتخابات میں آر ٹی ایس سسٹم نہیں ہے۔

خیال رہے کہ شہر کے بیشتر اضلاع سے نتائج آنے کا سلسلہ رک گیا تھا جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں بلدیاتی نتائج کو فوری جاری کرنے کو یقینی بنائے، انتخابی نتائج میں تاخیر امیدواروں میں بے چینی کا سبب بن رہی ہے، تاخیر سے نتائج جاری ہونے سے پورا انتخابی عمل بلاجواز متنازعہ بن سکتا ہے۔

Advertisement