نتائج نہ دیے گئے تو شہر بند کر دیں گے، حافظ نعیم الرحمان

Published On 15 January,2023 10:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ فارم 11 فراہم نہیں کیا جا رہا ہے، سندھ حکومت، الیکشن کمیشن کو وارننگ دیتا ہوں اگر نیتجہ نہ دیا تو شہر بند کر دیں گے۔

پریس کانفرنس سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام کو بہت بہت مبارک ہو، تمام سازشوں کے باوجود بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوا، سازشی عناصر نے مقابلہ کرنے کے بجائے میدان چھوڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات کے ابتدائی نتائج، کراچی میں جماعت اسلامی آگے

انہوں نے کہا کہ ٹرن آؤٹ 25 فیصد سے آگے چلا گیا، اگر ایک ہفتہ ملتا تو یہ 50 فیصد پر چلا جاتا، جماعت اسلامی ایک بار پھر ابھر کر سامنے آئی ہے، ن لیگ کبھی بھی بلدیاتی انتخابات کروانا نہیں چاہتی تھی، ہم نے کہا تھا کہ ہم تمہیں الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے کچھ ڈی سیز نتائج جاری کرنے میں رکاوٹ بن رہے ہیں، ہمیں فارم 11 اور 12 فراہم نہیں کیا جا رہا، 1 گھنٹے تک نتائج جاری نہ ہوئے تو شہر بھرمیں دھرنے شروع کردیں گے۔

Advertisement