لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان تیار کر لیا ہے، شہباز شریف کی نیندیں اڑنے والی ہیں۔
سینئر صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ایم این ایز رابطے میں ہیں پہلے ان کا ٹیسٹ ہوگا پھر شامل ہوں گے، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلیوں میں نگران سیٹ اپ کیلئے واپس جا سکتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ ڈاکٹرائن میں کوئی کمی نہیں آئی، پی ٹی آئی کی کراچی میں ہارنے کی وجہ تنظیم کی کمزوری اور پی پی پی کی دھاندلی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ بری طرح پھنس گئے، آئی ایم ایف نہیں آئے گا، رات انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا تھیں لیکن نہیں بڑھائیں۔
دریں اثنا عمران خان نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال بارے پارٹی ترجمانوں کا اجلاس طلب کر لیا، پارٹی ترجمانوں کااجلاس زمان پارک میں عمران خان کے زیرصدارت ہو گا۔
اجلاس میں کراچی، حیدر آباد کے بلدیاتی انتخابات اور ملکی سیاسی صورتحال کاجائزہ لیا جائے گا، پارٹی ترجمان آئندہ سیاسی بیانیے کے حوالے سے متعدد تجاویز کا جائزہ لیں گے۔