راولپنڈی: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔
سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی تھی، جس پر لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی نے سماعت کی۔
عمران خان اور فواد چودھری کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کی کارروائی میں پیش ہوتے رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے، الیکشن کمیشن کوئی آئینی عدالت نہیں اسے وارنٹ گرفتاری کا اختیار بھی حاصل نہیں ہے۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں نے گزشتہ برس عوامی اجتماعات بالعموم الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کو براہ راست تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کے ایماء پر تحریک انصاف کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔