دو اسمبلیوں کی تحلیل کے باوجود انتخابات جلدی نہیں ہوں گے: مولانا فضل الرحمان

Published On 16 January,2023 07:20 pm

پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تمام فیصلے مشاورت سے ہوں گے اگر دوست چاہتے ہیں کہ الیکشن کیلئے جانا ہے تو سب سے پہلے میدان میں ہم ہوں گے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے باوجود ان صوبوں میں جلدی انتخابات نہیں ہوں گے، پہلے ہم نے اس گند کو صاف کرنا ہے، اسکے بعد قانون اور آئین کے تمام راستے موجود ہیں، اب جب تحریک انصاف کے پشتی بان آگے پیچھے ہو گئے ہیں تو وہ انتخابات کی بات کر رہے ہیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اسمبلی توڑے یا نہ توڑے انکی تحریکی قوت ختم ہو گئی ہے، ہم واضح کرتے چلیں کہ ملک اور ادارے اب پی ٹی آئی کی خواہش پر نہیں چلیں گے، ہم نے مردم شماری، سیلاب کے بعد بحالی اور معیشت کیلئے کام شروع کر دیا ہے تو اس کیلئے ہمیں وقت چاہئے۔