اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان محمد اسلم غوری نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا اسمبلیاں توڑنے اور استعفوں کا ڈرامہ بھی فلاپ ہو گیا، انشاءاللہ ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی خواہش بھی دم توڑ دے گی۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کا اسمبلیاں توڑنے کا خواب ادھورا ہی رہ گیا، خیبر پختونخوا کی اسمبلی توڑنے میں کونسی رکاوٹ ہے، عمران نیازی ہر روز اک نئی بونگی مارتا ہے اور ملکی اداروں کو غیر آئینی مشورے دیتا ہے، پاکستانی اداروں کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے نیازی اپنے ماضی کے کردار پر غور کریں۔
ترجمان جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی اقتدار کی ہوس میں ملکی اداروں کو متنازع بنانا چاہتا ہے، اسٹیبلشمنٹ کی پاکستان کی سیاست سے دوری نیازی کو ہضم نہیں ہو رہی ہے، عمران نیازی کو جس ہاتھ نے کھلایا نیازی نے اسی ہاتھ پر وار کیا، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی نے اک بار پھر سر اٹھایا ہے اور وزیر اعلی لاہور میں نیازی کی خدمت کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پی ٹی آئی کی سیاسی موت ثابت ہوگی، جے یو آئی
محمد اسلم غوری نے کہا کہ عمران نیازی ملک میں سیاسی اور مالی بحران پیدا کرنا چاہتا ہے، اس کی یہ خواہش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کو توڑنے سے ملک میں کوئی سیاسی بحران پیدا نہیں ہو سکتا، نیازی بسم اللہ کریں۔