اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے این ایچ اے ملازمین کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ان کیلئے اپارٹمنٹس بنانے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے موٹروے ایم ون اور ایم ٹو جنکشن کے مقام پر 121 کنال اپارٹمنٹس سائٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں کنسلٹنٹ نے اپارٹمنٹس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، وفاقی وزیر نے مسافروں کی آسانی کیلئے موٹروے ایم ون اور ایم ٹو جنکشن پر مزید دو لوپس بنانے کی ہدایت بھی کی۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود جنوری میں این ایچ اے اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اپنی گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایچ اے ملازمین کو اپنی حکومت کے دوران بہترین سہولیات فراہم کریں گے، موٹروے جنکشن پر دو مزید لوپس بنانے سے مسافروں کیلئے آسانی ہوگی۔
وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے مزید کہا کہ چار لوپس مکمل ہونے سے لاہور ، پشاور اور ائیرپورٹ جانے والوں کو آسانی ہوگی، مسافروں کی سہولیات این ایچ اے کی اولین ترجیح ہے، اس موقع پر مولانا اسعد محمود نے ہدایت کی کہ کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔