عمران خان سے ڈاکٹر شہزاد وسیم کی ملاقات، سینیٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال

Published On 19 January,2023 07:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال ہوا، ڈاکٹر شہزاد وسیم نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو سینیٹ سے متعلق امور پر بریفنگ دی، چیئرمین پی ٹی آئی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو پارلیمانی امور سے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

شہزاد وسیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم اسمبلی سے جانے کا کہتے ہیں تو ان کی نیندیں حرام ہو جاتی ہیں، آنے کا کہتے ہیں تو یہ میدان چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، ہم ان کو کھینچ کر الیکشن میں لے کر آئیں گے، پی ڈی ایم والے عوام کا سامنا نہیں کر سکتے، الیکشن کے علاوہ بہتری کا کوئی حل نہیں۔

واضح رہے عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کیخلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد پی ڈی ایم جماعتوں میں ہلچل دیکھنے میں آئی ہے اس حوالے سے حکومت نے پی ٹی آئی کے زیر التواء 35 ارکان کے استعفے منظور کیے ہیں۔
 

Advertisement