اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتار جاری ہونے کے بعد منسوخ کر دیئے۔
کیس میں عدم پیشی پر عدالت کی جانب سے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شفقت محمود، شیریں مزاری اور شیخ رشید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، پی ٹی آئی کی جانب سے علی بخاری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
وکیل علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ بروقت اطلاع نہ ملنے کے باعث میرے موکل پیش نہیں ہو سکے، جس کے بعد عدالت کی جانب سے ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر کے 50،50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی، مزید سماعت 8 فروری تک متوی کر دی گئی۔