شہباز شریف سے روسی وفد کی ملاقات، پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا

Published On 19 January,2023 08:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور انہیں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی، شہباز شریف نےتجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی معاملات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

روس کے وزیر توانائی نے وزیر اعظم کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا، صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم پارٹنر قرار دیا۔

روس کے صدر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی کا اعادہ کیا، دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران روس کی جانب سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ملکوں کے درمیان گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
 

Advertisement