لوگ تہہ خانوں میں رکھے ڈالر نکال لیں تو آئی ایم ایف نہیں جانا پڑے گا: احسن اقبال

Published On 19 January,2023 11:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دوست ممالک کی امداد، خیرات، قرضوں سے ملک کو مستقل نہیں چلا سکتے۔

وفاقی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے غیر ذمہ داری کے ساتھ معاہدہ کیا، آئی ایم ایف کا معاہدہ ہمارے سر پر لٹک رہا ہے، آئی ایم ایف معاہدے میں بھی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کے عوام آج سسسک رہے ہیں اور چند لوگ سٹہ بازی کر رہے ہیں، جو پیسہ تہہ خانوں میں لوگوں نے رکھا ہے اس کو انویسٹمنٹ کریں، جن لوگوں نے ڈالر رکھے ہیں اگر وہ نکال لیں تو آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا پڑے گا، ملک کو اس وقت معاشی مسائل کا سامنا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہمیں ہر صورت ملک کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا ہو گا، اگر ہم نے وسائل نہ بڑھائے تو سارا پیسہ قرضوں کی ادائیگی میں ہی چلا جائےگا، ہمیں ملک کی معیشت کو ہر صورت بچانا ہے، زرعی پیداوار کو بڑھا کر اربوں ڈالرز کما سکتے ہیں، جو ہم فیصلے کرنے جا رہے ہیں یہ ہمارے گناہ نہیں، گزشتہ حکومت کا بوجھ ہم اٹھا رہے ہیں، کوشش کریں گے غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم سے کم پڑے، حکومت سنبھالی تو بتایا گیا کہ ترقیاتی بجٹ کیلئے فنڈز نہیں۔