عمران خان کی مقبولیت صفر، پی ٹی آئی قیادت ناکام ہو چکی، اویس لغاری

Published On 19 January,2023 10:50 pm

راجن پور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت صفر پر آ چکی ہے، (ن) لیگ نے حلقے میں نوجوانوں کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حلقہ این اے 193 جام پور کے ضمنی انتخاب کیلئے سردار عمار لغاری کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اب عمران خان کے جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتے۔

اویس خان لغاری نے کہا کہ عمران خان وہ شخص ہے جو نوجوانوں پر بھروسہ نہیں کرتا، عمران خان نے نوجوانوں سے ووٹ تو لیا لیکن خود حلف نہیں اٹھایا، ہم عوام کے سہارے نوجوانوں کو بااختیار بنائیں گے، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے عمران نیازی اور پی ٹی آئی کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 7 حلقوں میں خود الیکشن لڑا اور ووٹ دینے آنے والے بزرگوں، ماؤں بہنوں کے ووٹ کو حلف نہ لے کر ضائع کیا، یہ وہ شخص ہے جو الیکشن لڑ کر قومی وسائل کا ضیاع کرتا ہے، پی ٹی آئی کی پوری لیڈر شپ فیل ہو چکی ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کے پاس الیکشن میں لڑنے کیلئے ایک ہی امیدوار ہے۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ 26 جنوری کو عوام عمران خان کی سیاست کو رد کر دیں گے، عوام ووٹ اسے دیں جو ووٹ کی قدر جانتا ہو، عمران خان نے الیکشن لڑ کر حلف نہیں لینا، اس نے الیکشن کمیشن کا پیسہ ضائع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کی تاریخ اور مقبولیت کو دیکھتے ہوئے انشاء اللہ جنوبی پنجاب کے عوام عمار لغاری کو اپنے ووٹ سے کامیاب کریں گے۔