پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھا رہے ہیں: یاسمین راشد

Published On 22 January,2023 05:02 pm

چکوال: (دنیا نیوز) سابق وزیر صحت و رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کےلئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سابق وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے چکوال میں دیہی مرکزصحت لکی فعال کاافتتاح کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرراجہ یاسرہمایوں، سابق رکن قومی اسمبلی ذوالفقاردلہہ،ڈی سی چکوال ذیشان حنیف اورمقامی سیاسی قیادت موجودتھی۔

ڈاکٹریاسمین راشد نےاس موقع پرہسپتال کی کامیابی کیلئے دعابھی کی، مریضوں کیلئے طبی سہولیات کاجائزہ بھی لیا،چکوال میں دیہی مرکزصحت لکی فعال ہسپتال کی تکمیل میں محنت کرنے والے تمام افسران اورانتظامیہ کوشاباش اورمبارکباد دی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی آبادی کے اعتبارسے نئے سرکاری ہسپتال بنانے انتہائی ضروری ہوچکے ہیں۔پنجاب بھرمیں 23 بڑے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہوراورمیانوالی کے اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈہسپتالوں میں ماں اوربچہ کی بین الاقوامی معیارکی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ماضی کی کسی حکومت نے پنجاب میں آبادی میں اضافے کے باعث نئے سرکاری ہسپتال بنانے کانہیں سوچا۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں ماضی کے حکمرانوں نے صرف عوام پرتجربے کئے ہیں، امپورٹڈحکومت نے پاکستانی عوام کے مینڈیٹ پرحملہ کیاہے جن کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔

سابق وزیر صحت نے مزید کہا کہ عمران خان وفاق میں دوبارہ حکومت بناکرترقی کاسفردوبارہ شروع کریں گے، شریف خاندان نے پاکستان میں اپنی نسلیں پالنے کے علاوہ اورکچھ نہیں کیا،پاکستانی عوام ظالم حکمرانوں کاگریبان پھاڑکرلوٹاہوامال نکال لیں گے۔
 

Advertisement