لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو پنجاب پولیس نے لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چودھری کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ’’ فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ‘‘۔
فواد چودھری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) January 25, 2023
فرخ حبیب نے اپنے ایک اور پیغام میں چند گاڑیوں کی فوٹیج بھی شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چودھری کو گرفتار کر کے لے جا رہی ہیں۔
پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چوہدری کو گرفتار کرکے لے جارہی ہے pic.twitter.com/CJXiAHO3fQ
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) January 25, 2023
قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشات کے پیش نظر پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء اور کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے زمان پارک کے باہر جمع ہو ئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک میں موجود ہیں، گرفتار کر کے دکھائیں، عمران خان کو گرفتار کرنا ایک سازش ہے، ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارکن ملک میں فسطائیت قائم نہیں کرنے دیں گے۔