لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کا معاملہ اور حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے پریس کانفرنس سے پہلے پارٹی کی سینئر قیادت کا ایک اور اجلاس آج زمان پارک میں طلب کر لیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے موجوہ صورتحال پر جوابی حکمتِ عملی پر مشاورت کریں گے ۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر پارٹی اپنا آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرے گی ، مشاورتی اجلاس میں پارٹی کے سینئر وکلاء بھی شریک ہوں گے، حکومت کی جانب سے الیکشن کو تاخیر کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریوں کے ردعمل کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو آج کے اجلاس کے لیے ٹھوس تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت دے دی ہے ۔
واضح رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو پولیس نے لاہور سے ان کے گھر سے گرفتار کر لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :فواد چودھری کو لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا