فواد بے گناہ ہے، دلیل کا جواب دلیل سے دیں ہتھکڑی سے نہیں: اسد عمر

Published On 25 January,2023 04:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ بے گناہ فواد چودھری کو فوری رہا کیا جائے، دلیل کا جواب دلیل سے دیں ہتھکڑی سے نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، فواد چودھری سچ بولتے ہیں، سچ کڑوا ہوتا ہے، آپ کو سچ پسند نہیں، آپ عوام کی عدالت میں اپنا مقدمہ رکھیں اور ثابت کریں کہ کس طرح فواد ٹھیک نہیں کہہ رہا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، حل رات کے اندھیرے میں ہتھکڑیاں لگانا نہیں ہے، دہشتگردی خیبرپختونخوا میں پھیل رہی ہے، دہشتگردوں سے مقابلہ کرنا ہے تو خیبرپختونخوا میں نظر دوڑائیں۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاملات ٹھیک نہیں ہورہے، کاروبار روزانہ کی بنیاد پر بند ہو رہے ہیں، عوام کو تاریخی مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Advertisement