اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے بنایا گیا فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بے نقاب کر دیا۔
پاکستانی اداروں نے مودی سرکار کے نئے ڈرامے کا پورا سکرپٹ حاصل کر لیا، جس کے مطابق بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مبینہ در اندازی کا ڈرامہ تیار کیا گیا ہے، فالس فلیگ کارروائی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کے ذریعے کیے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، کارروائی کیلئے لائن آف کنٹرول کا پونچھ سیکٹر منتخب کیا گیا ہے۔
پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے بھارتی منصوبے کے 3 اہم کرداروں کا بھی پتہ چلا لیا ہے 93 انفینٹری بریگیڈ کا ایجنٹ بشیر اور دو ساتھی عالم اور اسلم بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے مرکزی کردار ہیں، منصوبے کے تحت بشیر نے کچھ مقامی افراد کو استعمال کر کے جشکوال، آزاد کشمیر سائیڈ سے بم یا آئی ڈیز نصب کر کے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کرنی ہے۔
منصوبے کے مطابق کسی مسجد کے قریب فالس فلیگ کارروائی کو ناکام بنا کر دکھایا جائے گا، اس دوران جعلی برآمدگی بھی ظاہر کی جانی ہے، ڈی ایس پی پریشنا اس فالس فلیگ آپریشن کو سپروائز کر رہا ہے، 93 بریگیڈ کی ڈوگرا رجمنٹ کے دستوں کو گھات لگا کر جعلی ریکوری دکھانا ہے۔
بھارت کے اس جھوٹے آپریشن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں در اندازی کا الزام پاکستان پر عائد کر کے دنیا میں پراپیگنڈہ کرنا ہے، منصوبے کو پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے بروقت بے نقاب کر کے مودی حکومت کو بڑی زچ پہنچا دی ہے۔