ٹیکسلا : (دنیا نیوز) پنجاب کے شہر ٹیکسلا میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں دو بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا کے محلہ صدیق آباد ڈھوک پراچہ میں گیس لیکیج سے آتشزدگی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا ، ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ سے دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ، زخمیوں میں بچوں کی والدہ اور دادا شامل ہیں ۔
ریسکیو کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت چار سالہ سدیس اور پانچ سالہ اویس کے نام سے ہوئی ہے ۔
ریسکیو کی جانب سے بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کوایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔