جماعت اسلامی کی درخواست پر کراچی کی 3 یوسیز کے نتائج روک دیئے گئے

Published On 26 January,2023 12:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے صفورہ ٹاؤن کی 2، چنیسرٹاؤن کی ایک یونین کونسل کے نتائج روک دیئے۔

الیکشن کمیشن میں کراچی کی 3 یونین کونسلز میں بے ضابطگیوں کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جماعت اسلامی کے وکیل حسن جاوید نے الیکشن کمیشن کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ فارم 11 کے مطابق صفورہ ٹاؤن کی دو اور چنیسر ٹاؤن کی ایک یونین کونسل میں جماعت اسلامی کامیاب ہوئی تھی۔

وکیل حسن جاوید نے کہا کہ آر او کے جاری نتائج میں مخالف امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا اور آر او نے نتائج تبدیل کر کے 2 سیٹیں پیپلزپارٹی اور ایک پی ٹی آئی کو دے دی۔

الیکشن کمیشن پنجاب کے ممبر بابر بھروانہ نے کہا کہ کراچی کی 6 یونین کونسلز کا کیس کل سنا تھا، بظاہر کل اور آج والے مقدمات ایک جیسے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے صفورہ ٹاؤن کی یوسی ایک اور 8، جبکہ چنیسرٹاؤن کی ایک یونین کونسل 6 کے نتائج روک دیئے اور تینوں یونین کونسلز کا مقدمہ دیگر 6 یونین کونسلز والے کیس کے ساتھ منسلک کر دیا۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 2 فروری تک ملتوی کر دی۔
 

Advertisement