کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی ہے جس میں لیگی رہنما نے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان جلد اتحاد کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ملاقات میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات بڑی مشکل سے ہوئے ہیں، کچھ لوگ بلدیاتی انتخابات ملتوی کروانے کی کوشش میں تھے، کراچی کی ترقی کے لئے سب مل کر کام کریں، کراچی کی ترقی کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں متحد ہوں گی تو کراچی اور ملک ترقی کرے گا، کراچی کے بنیادی مسائل حل کرنے کی کوشش نہیں کی جا رہی، کراچی میں جس کا مینڈیٹ ہو اسے تسلیم کیا جانا چاہیے، ڈی آر اوز کی زیر نگرانی ووٹوں کی دوبارہ گنتی تسلیم نہیں کرتے۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں اچھی مہم چلائی، کراچی میں جماعت اسلامی نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ نے کراچی میں امن قائم کیا، چاہتے ہیں پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان جلد اتحاد قائم ہو جائے۔