پنجاب میں سال اور لگ جاتا تو (ن) لیگ والوں کے کپڑے بھی نظر نہیں آتے: پرویز الہٰی

Published On 26 January,2023 05:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) والوں کو عدلیہ کے خلاف بات کرتے شرم آنی چاہیے، کل کو منتیں بھی ان سے ہی کرتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم سب اپنی عدلیہ اور ججز کو دعا دیتے ہیں، عدلیہ سے ہی انصاف مل رہا ہے تب ہی پاکستان چل رہا ہے، الیکشن کمیشن کو قوم پر ترس کھانا چاہیے، ایک بار تو صحیح فیصلہ کر لو۔

انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کے بعد عمران خان نے وزارت اعلیٰ دی، ہم نے عمران خان کا ساتھ دینا ہے، ان کے شانہ بشانہ چلنا ہے، خان صاحب آج بھی پاکستان کے مقبول لیڈر ہیں، میں نے خان صاحب کو کہا تھا آپ اسمبلی جب مرضی توڑ دیں، خان صاحب کو لوگوں نے غلط گائیڈ کیا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا اگر ایک سال اور لگ جاتا تو مسلم لیگ (ن) والوں کے کپڑے بھی نظر نہیں آنے تھے، (ن) لیگ والے بھی چاہ رہے تھے اسمبلیاں مدت پوری کریں، ساڑھے 5 ماہ میں ساڑھے 5 سال والا کام کیا، میں نے لاہور کو 21 ارب روپے کے منصوبے دیئے ہیں۔
 

Advertisement