اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، احسن اقبال، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، زاہد حامد، اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد اور احد چیمہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں مریم نواز کی وطن واپسی پر استقبال سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی، شہباز شریف نے سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) کے استقبال کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو استقبال میں لایا جائے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارلیمانی بورڈ کی تشکیل سے متعلق بھی غور کیا گیا، اس کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں امیدواروں کے ناموں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی کارکنوں کو فعال اور الیکشن کیلئے متحریک کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں پارٹی کو منظم کرنے کیلئے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کیں، شرکاء نے مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات فروری میں کروانے کی تجویز دے دی۔