لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی اور وفاقی وزیر نارکوٹکس نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ شرکاء نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے 2 سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں سے ایک سنٹر جیل میں بھی بنایا جائے گا۔
اس موقع پر نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے اور پنجاب حکومت اور اینٹی نار کوٹکس فورس کے اشتراک کار کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر اور آن لائن منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا، پنجاب حکومت اور اینٹی نارکوٹکس فورس مل کر منشیات کی روک تھام کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن کریں گی۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ نئی نسل کو منشیات سے بچانے اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی، تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی۔