اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ فواد چودھری سے ہزار اختلاف ہیں مگر انہیں ہتھکڑی میں دیکھ کر دکھ ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ کسی کی بھی گرفتاری اور ہتھکڑیاں لگا کر میڈیا پر چرچا ہونا خوشی کی بات نہیں، دہشتگردوں کی طرح فواد چودھری کے چہرے پر پردہ ڈال کر لایا گیا اس پر بہت افسوس ہوا، ان پر تو پہلے پرچہ اور پھر گرفتاری ہوئی، مجھ پر تو کوئی پرچہ بھی نہیں ہوا تھا، آدھی رات کو مجھے میرے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب جیل بھیجا گیا تو ہائی سکیورٹی والے سیل میں ڈالا گیا، وہاں موجود مزید قیدیوں میں سے کوئی قتل تو کوئی دہشتگردی کے مقدمے میں آیا تھا، اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت تھی مگر کسی نے مذمت نہیں کی، مجھ پر تو کرایہ داری کا مقدمہ بنا کر یہ سب سلوک کیا گیا، نواز شریف تو اپنی بیٹی کے ساتھ پیشیوں پر جاتے تھے۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا عمران خان پر تو کئی کیسز ہیں مگر یہ کسی میں بھی پیش نہیں ہوتے، یہ کہتے ہیں کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اس وقت کہاں تھے، آج مشرف کی سزا پر کوئی بات نہیں کرتا، ہم تو مشرف کو کٹہرے میں لے کر آئے مگر آپ نے ان کی وکالت کی، ایک دوسرے کے گناہ نہ گنیں، جو کام کرنے آئیں ہیں وہ کریں۔