لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنماء اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت چاہے تو ساری سکیورٹی واپس بلا لے ، عمران خان کی حفاظت کیلئے جیالے ہی کافی ہیں، فواد چوہدری سے ایسا سلوک کیا گیا جیسے وہ دہشتگرد ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا تھا کہ مریم نواز اگر ورلڈکپ جیت کرآرہی ہیں تو انکا استقبال ہونا چاہیے، وہ آئیں ان کے ابو بھی آجائیں ، دوصوبوں میں اسمبلیاں ٹوٹیں، نگران حکومتیں بنیں، وہاں الیکشن کااعلان کیوں نہیں کیا گیا۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ملک ایک بنانا ری پبلک بنا ہوا ہے، ابھی نہیں تو کچھ عرصے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، فواد چوہدری کو ہتھکڑی لگائی گئی ، ان کے منہ پر کپڑا ڈالا گیا، حکومت والے کتنوں کو پکڑیں گے، ہم سب یہاں کھڑے ہوئے ہیں۔
یاسمین راشد نے مزید کہا کہ انتخابات میں عمران خان بھاری اکثریت سے جیتیں گے، جہاں کیئر ٹیکر حکومت آگئی ہیں وہاں آپ انتخابات کی تاریخ کیوں نہیں دے رہے۔