معاشی بحران سے نکلنے کیلئے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے: اسحاق ڈار

Published On 29 January,2023 06:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں فیصلہ کریں کہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے، معاشی بحران سے نکلنے کیلئے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے۔

اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ معاشی مشکلات سے نکلنے کیلئےمالیاتی نظم بہت ضروری ہے، بد قسمتی سے اہم سیاسی شخصیات بھی دہشت گردی کا نشانہ بنے، ہم نے اپنے وسائل سے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا، ہماری افواج ملک کے تحفظ کیلئے جانوں کی قربانی دے رہی ہیں، ہماری سیاست کا محور ہمیشہ عوامی خدمت ہونی چاہئے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف کی نمائندگی کرنے کانفرنس میں آیا ہوں، باچا خان کا نظریہ عدم تشدد کا ہے، نظریاتی جدوجہد مسلسل جاری ہے، باچا خان کی خدمات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، ان کی خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں۔