موسم کی خرابی: صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ اسلام آباد ملتوی

Published On 29 January,2023 09:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) موسم کی خرابی کے باعث متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا سرکاری دورہ اسلام آباد ملتوی ہوگیا۔

یو اے ای کے صدر بہاولپور میں شدید بارش اور موسم کی صورتحال کے باعث اسلام آباد نہیں آسکے، معزز مہمان صبح ساڑھے 7 بجے سے ٹیک آف کے منتظر تھے، سکیورٹی نے موسم کی خرابی کی وجہ سے انہیں پرواز کی اجازت نہیں دی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر کا دورہ ری شیڈول ہوگا، معزز مہمان کے دورہ اسلام آباد کی تاریخوں کا دوبارہ اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ صدر یو ای اے شیخ محمد بن زید النہیان نے آج ایک روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچنا تھا، صدر یو اے ای شیخ محمد بن زید النہیان 25 جنوری کو پاکستان پہنچے تھے۔

صدر یو اے ای کا شہباز شریف سے رابطہ
دوسری جانب یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے، دورہ کی منسوخی پر اپنے افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی سلامتی و حفاظت ہمیں زیادہ عزیز ہے، موسم کی شدت میں پرواز کا خطرہ نہیں لے سکتے۔

صدر یو اے ای نے جلد دو دن کے دورے پر اسلام آباد آنے کی یقین دہانی کروائی۔

واضح رہے کہ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق یو اے ای کے صدر کے دورے کے دوران وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں، ریڈ زون اور ایکسپریس ہائی وے پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔