اسلام آباد: (دنیا نیوز) پولیس بھرتی میں میرٹ کی بجائے سفارش کلچر پروان چڑھنے لگا، وفاقی پولیس کانسٹیبلز کی بھرتی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی سے متعلق خلاف میرٹ بھرتیوں کے لئے سفارش کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار شاہ جہاں کا ایک لیٹر منظر عام پر آیا ہے جس میں 8 کانسٹیبلز کو پولیس میں بھرتی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
خلاف میرٹ بھرتی کے لئے سردار شاہ جہاں کی جانب سے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ 8 امیدواروں کو پولیس کانسٹیبل بھرتی کر لیں تو میں ممنون رہوں گا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے خط میں پولیس کانسٹیبل بھرتی کے لئے 8 امیدواروں کے نام، رول نمبرز اور ڈومیسائل کی تفصیل بھی درج ہے۔
اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سفارشی خط اصلی یا جعلی، ابھی تصدیق نہیں ہوسکی، سفارشی خطوط آئیں بھی تو کوئی اثر نہیں پڑتا، بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔