لاہور : (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف متفرق درخواست جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں گر چکی ہیں ، عالمی مارکیٹ کے مطابق پٹرول کی قیمتیں کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے تھا ، حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے قیمتوں میں اضافہ کر کے مزید تکلیف میں مبتلا کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :حکومت کا پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان
متفرق درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو معطل کرنے کا حکم دے۔