خط میں واضح لکھا ہے کہ آئین کے مطابق الیکشن کروائیں، گورنر خیبرپختونخوا

Published On 02 February,2023 02:52 pm

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا غلامی نے الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے بتایا کہ کہا جا رہا ہے گورنر الیکشن کی تاریخ نہیں دے دہے، میں نے الیکشن کمیشن کو خط میں واضح لکھا ہے کہ آئین کے مطابق الیکشن کروائیں۔

اپنے ایک بیان میں گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا کہ جھوٹ کی سیاست ریاست کے بارے کرنا غداری سے بھی بڑا جرم ہے، 6 ماہ سے سڑکوں پر پھر رہے تھے کہ استعفے منظور کرو، جب استعفے منظور ہوگئے تو دھرنے دینے لگے، آپ براہ راست سڑکوں پر فورسز کو ٹارگٹ بناتے ہو، آپ قوم کے ذہنوں میں فورسز کے خلاف نفرت بھر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر غلام علی نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے تاریخ دے دی

انہوں نے کہا کہ جب آپ وزیراعظم تھے اور آپ کی حکومت تھی اس وقت پورے شہر سے آپ ہارے، پشاور میں 7 میں سے 6 میئر دیگر جماعتیں جیتی تھیں، الیکشن ہوں گے اور مزید بھی ہوں گے، اس وقت ریاست خطرے میں ہے، اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے۔

غلام علی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس دہشتگردی کے خلاف شہادتیں دے رہی ہے، پی ٹی آئی پولیس کی قربانیوں پر سیاست کر رہی ہے، ریاست کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا، اے پی ایس حملے کے وقت تمام جماعتیں اکٹھی ہوئی تھیں۔