اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر نے سوراب بلوچستان میں اراضی حاصل کرنے کے بعد معاوضے کی 4 سال سے عدم ادائیگی پر این ایچ اے حکام کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی اپیل مسترد کر دی ہے، صدر نے بلوچستان کے اراضی حصول کے 23 متاثرین کو 4 سال تک معاوضے کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔
صدر نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکم کی وصولی کے 30 دنوں کے اندر تعمیل کی رپورٹ پیش کرے، اتھارٹی وضاحت کرے کہ محتسب کے احکامات کی تعمیل کیوں نہیں کی گئی، 4 سال کی تاخیر کے بعد ایکنک کی منظوری کیلئے کیس شروع کیا گیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ معاملہ تاخیر سے بھیجنے پر شہریوں کو ادائیگی میں تاخیر ہوئی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی لاپرواہی بالکل واضح ہے، اتھارٹی نے 1894 کے لینڈ ایکوزیشن ایکٹ پر عمل نہیں کیا، ایجنسی کی قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈپٹی کمشنر/کلیکٹر کو معاوضے کے فنڈز جمع کرائے۔
واضح رہے سوراب بلوچستان کے 23 شہریوں سے اتھارٹی نے سڑک کی تعمیر کیلئے زرعی زمین حاصل کی، سڑک مکمل ہونے کے باوجود معاوضے کی رقم شہریوں کو ادا نہیں کی گئی، شہریوں نے اتھارٹی سے معاوضے کی درخواست کی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا جس کے بعد وفاقی محتسب کو درخواست کی گئی تھی۔