اسلام آباد: (دنیا نیوز) صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے متحدہ امارات سے اچھی خبر ہے کہ پاکستان میں پلازما کی تیاری کیلئے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پاکستان کے پلازما سیکٹر کو مرحلہ وار طریقے سے فروغ دینا ہے، اس سلسلہ میں حیات بائیوٹیک اور شیخ احمد دلموک المکتوم کے دفتر کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب ہوئی، تقریب میں وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ یہ بلڈ کینسر، تھلیسیمیا کی بیماری کے حوالے سے انتہائی اہم ایم او یو ہے، حکومت پاکستان میں پلازما پر مبنی علاج کی اہم ضرورت کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہے، حیات بائیوٹیک پاکستان میں قومی صحت کی خدمات کی وزارت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پلازما جمع کرنے کا شعبہ بڑی تیزی سے ترقی کر رہا ہے، عالمی سطح پر کووڈ 19 کی وجہ سے پلازما کی فراہمی میں کمی واقع ہوئی ہے، صحت کے شعبے میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے ایک مشن کے طور پر کام جاری ہے، صحت کے شعبہ کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، شعبہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔