اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے خلاف جعلی مقدمات بنائے گئے تھے، میرا نہیں خیال ہمیں مقدمات بنانے چاہئیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کریں، سیاسی آدمی کو گرفتار کرنے کی مجھے سمجھ نہیں آتی، سیاسی لوگوں کو گرفتار کرنا اچھی روایات نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس لیے گورنر نے کہا الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو گالیاں دینے، جیلوں میں ڈالنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، ایک ایسا فورم ہو جہاں مسائل کا حل تلاش کیا جائے، سیاست دانوں کا احتساب بیلٹ باکس کےذریعے ہوتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو ملک ووٹ کو عزت نہیں دیتا تو پھرمشکلات پیدا ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کی اپنی ایک سٹریٹجی ہے۔