سانحہ پشاور: وزیراعظم آزاد کشمیر کا شہید اہلکاروں کے لواحقین کیلئے ملازمتوں کا اعلان

Published On 03 February,2023 11:03 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پشاور میں شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو آزاد کشمیر میں ملازمت دینے اور مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کے روز وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان یادگار شہداء گئے اور پھولوں کی چادر چڑھائی، اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخواہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو افسوسناک واقعہ کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا دلیری سے مقابلہ کرنے والے پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء کے 25 لواحقین کو خیبرپختونخوا حکومت کی تحریک پر محکمہ پولیس آزاد کشمیر میں ملازمت دیں گے۔

سردار تنویر الیاس خان نے آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے پولیس لائنز دھماکے کے شہداء کیلئے اڑھائی لاکھ فی کس اور زخمیوں کیلئے 1 لاکھ فی کس کا اعلان کیا۔

انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سے لے کر کانسٹیبل تک خیبرپختونخوا کی پولیس باہمت اور پرعزم ہے، شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں کشمیر کے عوام برابر کے شریک ہیں۔

Advertisement