وائٹ ہاؤس کی پشاور دھماکے کی مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

Published On 01 February,2023 07:30 am

واشنگٹن : ( دنیا نیوز ) وائٹ ہاؤس نے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ پشاور میں ایک مسجد پر ہونے والے خودکش بم حملے کی مذمت کرتا ہے ، یہ افسوسناک اور دل دہلا دینے والی خبر ہے اور ہم اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

واٹسن نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا دفاع نہیں کیا جاسکتا اور نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ ہے، امریکہ بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے مبینہ خود کش دھماکے میں شہداء کی تعداد 101 ہوگئی ہے جبکہ 216 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 

Advertisement