خیبرپختونخوا الیکشن: الیکشن کمیشن کو مزید بجٹ، آئی جی کو 57 ہزار اہلکار درکار

Published On 07 February,2023 06:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں عام انتخابات اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مزید بجٹ اور آئی جی خیبر پختونخوا کو 57 ہزار پولیس اہلکار درکار ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیرصدارت خیبرپختونخوا میں عام انتخابات اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے انتظامات بارے اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری خیبرپختو نخوا، آئی جی خیبرپختونخوا اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسروں نے شرکت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ صوبہ میں تعینات افسروں کے تبادلے فوری طور پر کئے جائیں، انتخابات سے قبل غیر جانبدار سٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ انتخابات کے سلسلے میں حکومت سے مزید بجٹ مانگ رہے ہیں، صوبہ میں انتخابات کے انعقاد کے لئے 57 ہزار اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بروقت الیکشن کی درخواست، الیکشن کمیشن، گورنر کو نوٹس جاری

آئی جی خیبرپختونخوا کے مطابق اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے پاک فوج، فرنٹیئر کور کی مدد درکار ہو گی، انتخابات کے دوران دہشت گردی کی کارروائی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ آئندہ انتخابات مکمل طور پر پرامن ہوں گے، اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی کی تعیناتی کے لئے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع سے رابطے میں ہیں۔