پاکستان مشکل صورتحال میں ترکیہ کے عوام کیساتھ کھڑا ہے، شیری رحمان

Published On 08 February,2023 11:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ترکیہ نے حالیہ سیلاب کے دوران پاکستانی حکومت اور سیلاب زدگان کی ہر لحاظ سے بھرپور مدد کی، پاکستان بھی اس مشکل صورتحال میں ترکیہ کے عوام کیساتھ کھڑا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ رہی ہے، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار تک پہنچ گئی ہے، ملبے میں دبے افراد کی تلاش ابھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ترکیہ اور شام کے بھائی بہنوں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، پاکستان کے ہر شہری کا دل ترکیہ اور شام کیلئے افسردہ ہے، سی 130 اور پی آئی اے کی امدادی پروازیں سامان اور امدادی ٹیمیں لے کر ترکیہ کیلئے روانہ ہوچکی ہیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کیلئے ہنگامی امداد کے ایک مستقل ریلیف کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا، متاثرہ لوگوں کی مکمل بحالی تک امداد کا سلسلہ رکنا نہیں چاہیے۔